حیدرآباد :بلدیہ ایڈ منسٹریٹر کی سیکرٹری کونسل پر نوازش ،اضافی چارج دیدیا

175

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد نے عدالت عظمیٰ کے احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ڈیپوٹیشن پر بلدیہ میں تعینات سیکرٹری کونسل محسن شیخ کو ڈائریکٹر لینڈکا اضافی چارج سونپ دیا، عدالت عظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں چار سال قبل میونسپل کمشنر نے محسن شیخ سمیت 47 ملازمین کو بلدیہ سے ریلیز کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، بلدیہ میں ڈیپوٹیشن پر تعینات افسران کی اکثریت کی دستاویزات کی ان کے محکموں سے تاحال تصدیق نہیں کرائی گئی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے 2015ء میں تمام محکموں میں آئوٹ آف ٹرن پروموشن، ڈیپوٹیشن، نان کیڈر ختم کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے تمام چیف سیکرٹرز سمیت متعلقہ افسران کو ان احکامات پر عملدرآمد کرنے کے احکامات دیے تھے مگر میونسپل کارپوریشن، بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد میں ان احکامات کو فٹبال بنا کر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا ہے۔ عدالت عظمیٰ کے ان احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سابق میونسپل کمشنر نے دوسرے محکموں سے بلدیہ میں آئے ہوئے 47 ملازمین کو ریلیف کرنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا تھا مگر میئر حیدر آباد نے میونسپل کمشنر کے تحریری حکم نامے کو ردی کی ٹوکری میں ڈال کر ان ملازمین کو بلدیہ میں روک لیا جنہیں اہم منافع بخش عہدوں پر تعیناتیاں دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی طرح عرصہ دراز سے ایس یو سی جی ملازمین نے بدترین لوٹ مار کا تسلسل برقرار رکھا ہوا ہے۔ دو سال قبل عدالت عظمیٰ کے تشکیل کردہ فراہمی و نکاسی آب کمیشن کے احکامات پر سندھ حکومت کی جانب سے بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد میں عدالت عظمیٰ کے احکامات کے برخلاف تعینات ملازمین کیخلاف کارروائی کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، جوکہ صرف گیارہ ملازمین تک محدود رہا، جنہیں ان کے اصل عہدوں پر ریورڈ کیا گیا مگر ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ان ملازمین کو نہ تو تنخواہ ادا کی گئی ہے نہ ہی قوائد وضوابط کے مطابق ترقیاں دی گئیں جس سے مذکورہ ملازمین فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ سیکرٹری بلدیات کی جانب سے ان ملازمین کی ڈی پی سی منعقد کرنے کے لیے پانچ بار بلدیہ حکام کو احکامات دیے گئے ہیں اور تنخواہ ادا کرنے کی ہدایت بھی کی گئی مگر ان احکامات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ بلدیاتی نظام کے خاتمے اور بلدیاتی نمائندوں کے فارغ ہونے کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد میں تعینات ایڈمنسٹریٹر صفدر بھگیو نے عدالت عظمیٰ کے احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ڈیپوٹیشن پر بلدیہ میں تعینات سیکرٹری کونسل محسن شیخ کو ڈائریکٹر لینڈ کا اضافی چارج سونپ دیا ہے۔