نوازشریف بقیہ زندگی لندن میں ہی گزاریں گے،شیخ رشید

124
کراچی،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد پریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی (نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ نوازشریف باقی زندگی لندن میں ہی گزاریں گے‘ شہبازشریف نے جو بویا وہ کاٹ رہے ہیں‘ بلاول زرداری ناجانے کیوں ڈر رہا ہے‘ اب تو مجھ میں کوئی شرارت بھی نہیں رہی ہے۔ پیر کو کراچی میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کیمپ آ فس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے انقلاب کی جانب گامزن ہے‘ 6.8 ارب روپے کا ٹینڈر بہت جلد آجائے گا جس میں کراچی سرکلر ریلوے کے لیے بھی رقم رکھی ہوئی ہے‘ ریلوے پولیس کی ملی بھگت سے کراچی میں تجاوزات قائم کی گئیں‘غیر قانونی کنکشن کاٹ دیے جائیں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے پر تیزی سے کام جاری ہے‘کے سی آر کے لیے رقوم جاری کردی گئی ہیں‘ تجاوزات پرکراچی کا کچھ عملہ معطل کرکے جا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج 7 ٹرینیں پرائیویٹ کر دی ہیں‘17 مزید پرائیویٹ کرنے جا رہےہیں‘ ریلوے سے کرپشن ختم کرنا چاہتا ہوں۔ شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم عاید ہوگئی‘ پچھلے ماہ کہہ دیا تھا کہ 30 ستمبر تک جھاڑو پھر جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو چاہیے کہ سب سے پہلے کورٹ کو عزت دیں‘آج وہ خود ڈان لیکس پر اعتراف کر رہے ہیں‘ قوم کو پتا لگے گا کہ ایک نہیں10 کیسز بنیں گے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ پتہ نہیں بلاول زرداری مجھ سے کیوں ڈر رہا ہے‘ اب تو مجھ میں کوئی شرارت بھی نہیں رہی ہے‘ نوازشریف نے اپنا جمہوری گلا خود دبایا ہے‘ ضیا الحق کے بوٹوں میں چسنی پی کہ پلنے والا کیا فوج کے خلاف بات کرتا ہے؟ شیخ رشید نے پیش کش کی کہ سندھ حکومت اگر کراچی سرکلر ریلوے کو چلانا چاہتی ہے تو بنا کر دینے کے لیے تیار ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز شریف نے جو بویا وہ کاٹ رہے ہیں‘ جیل میں رونقیں لگنے والی ہیں‘ دسمبر جنوری میں کرپشن میں ملوث لوگ جیلوں میں ہوں گے اور فروری میں زبردست سیاست ہوگی ‘ کوئی این آر او نہیں دیا جائے گا۔ اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ اصل جلسے تو کمروں میں ہوتے ہیں‘ باقی جلسوں میں مدرسوں کے بچے ہوتے ہیں‘ یہ لوگ عوام کو بے وقوف بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون پر 90 فیصد عملہ پاکستانی جبکہ 10 فیصد چینی ہوگا‘ عملے کی تنخواہ چین دے گا‘ یہ سب کچھ طے ہوا ہے۔