بھارت کی فائرنگ سے فوجی جوان سمیت 2 شہید ، ناظم الامور کی طلبی احتجاج

48

 

اسلام آباد/ راولپنڈی(اے پی پی +مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے جوان سمیت 2 افراد شہید اور 4 شہری زخمی ہوگئے جبکہ پاکستا ن نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے ٹینڈر سیکٹر میں فائر کھول دیا جس سے گاؤں بروہ کا 15سالہ نوجوان شہید ہوگیا جبکہ گاؤں کرتن کی خاتون سمیت 4شہری زخمی ہوئے۔فائرنگ کے تبادلے میںپاک فوج کا جوان سپاہی شفیق نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے نے فائر اگلنے والی بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بھاری نقصانات کی اطلاع ہے۔ دوسری جانب منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور گورو اہلو والہ کو دفتر خارجہ طلب کرکے 28 ستمبر کو قابض بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے تندار سیکٹر
میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں 15سالہ بیگناہ شہری ولید ولد محمد فرید شہید جبکہ خاتون سمیت 4شہری شدید زخمی ہوئے۔ دفتر خارجہ نے مراسلے میں کہا کہ بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس ہے ۔بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہا سٹرٹیجک غلطی کی صورت نکل سکتا ہے۔