کراچی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس،شادی ہالز بند کرنے کا فیصلہ

261

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی نے شہر میں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں اضافے کے بعد معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

بدھ کے روزکمشنر کراچی سہیل راجپوت کے زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز، ضلعی ہیلتھ افسران اور متعلقہ محکموں کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، ماہ ستمبر میں 4667 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ روز 365 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔کمشنر کو بتایا گیا کہ ملک میں سب سے زیادہ کیسز 60 فیصد کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔سہیل راجپوت نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی فوری شروع کی جائے اور خلاف ورزی پر کم از کم 3 روز کے لیے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز بند کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے ضلع میں تمام ریسٹورنٹس اور شادی ہالز چیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارکس میں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور ماسک کے بغیر کسی کو پارک میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

شرکا نے اسکولوں میں کورونا ٹیسٹنگ میں اضافہ کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اسکول بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ صنعتوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے۔ڈپٹی کمشنرز محکمہ صنعت کی رپورٹ پر کارروائی کریں گے اور تمام ڈپٹی کمشنر کو بدھ کو رات گئے تک کارروائی کی رپورٹ کمشنر کو پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔