‘دیامربھاشا ڈیم منصوبے کی زمین کا 8 کلومیٹر حصہ متنازع ہے’

304

واپڈا حکام نے کہا  ہے کہ دیامربھاشا ڈیم منصوبے کی زمین کا 8 کلومیٹر حصہ متنازع ہے، یہ زمین خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے درمیان متنازع ہے۔

تفصیلات کے مطابق نواب یوسف تالپور کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی آبی وسائل کا اجلاس ہوا تو وزارت آب اور واپڈا حکام پیش ہوئے۔

چیرمین کمیٹی نواب یوسف تالپور نے کہا کہ سپریم کورٹ سے تفصیلات منگوائی جائیں جس پر سیکرٹری آبی وسائل نے کہا کہ سپریم کورٹ سے کون پو چھے گا؟

چیرمین کمیٹی نے پوچھا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے یا سپریم کورٹ؟ سیکرٹری آبی سائل نے جواب دیا کہ ہم کمیٹی کی طرف سے سپریم کورٹ کو تفصیلات کیلئے لکھ دیں گے، سپریم کورٹ کاجواب آیا کہ تفصیلات سپریم کورٹ کی ویب سائٹ سے لے لیں۔

واپڈا حکام نے بتایا  کہ دیامربھاشا ڈیم منصوبے کی زمین کا 8 کلومیٹر حصہ متنازع ہے، یہ زمین خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے درمیان متنازع ہے، متنازع زمین کا معاملہ وفاقی وزیر اسد عمرکی سربراہی میں کمیشن دیکھ رہا ہے، بھاشا ڈیم متنازع زمین معاملے پر سروے آف پاکستان سے بھی رائے  لی جاسکتی ہے۔