نیشنل ٹی 20 کپ: سینٹرل پنجاب نے اپنا پہلا میچ جیت لیا

346

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری نیشنل ٹی 20کپ کے دوسرے میچ میں سینٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

سینٹرل پنجاب نے ٹی 20کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے 20 سالہ عبداللہ شفیق کی دھواں دھار سنچری کی بدولت 201 رنز کا ہدف 7 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ سدرن پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے تھے۔

اننگز کی پہلی تین گیندوں پر سنٹرل پنجاب کی ابتدائی 2 وکٹیں گرنے کے باوجود ٹی 20 کرکٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان بلے باز عبداللہ شفیق  نے بغیر کسی دباؤ کے اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ میدان میں آتے ہی پراعتماد انداز سے بیٹنگ کرنے والے عبداللہ شفیق نے تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 145 رنز جوڑ کر میچ میں سنٹرل پنجاب کی گرفت مضبوط کردی۔

کامران اکمل 41 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 75 رنز بناکرپویلین واپس لوٹ گئے تاہم عبداللہ شفیق  نے دوسرے اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ وکٹ کے چاروں اطراف لمبے شاٹس کھیلنے والے عبداللہ شفیق  نے 58 گیندوں پر 11 چوکوں اور4 چھکوں کی بدولت 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ کپتان سعد نسیم 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

سینٹرل پنجا ب نے مقررہ ہدف 18.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سدرن پنجاب کے عامریامین  نے 2 اور حسین طلعت نے  ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر ذیشان اشرف 15 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد شان مسعود اور صہیب مقصود کے درمیان 67 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ دونوں کھلاڑی 51، 51 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے تو سدرن پنجاب کا کوئی اور بیٹسمین بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ حسین  طلعت کے 34 رنز کی مدد سے سدرن پنجاب نے  مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے  نقصان پر 200 رنز بنائے۔

سینٹرل پنجاب کے صہیب اللہ نے 3، عثمان قادر نے 2جبکہ بلال آصف اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بیس سالہ عبداللہ شفیق نے کہا کہ وہ  اپنے ڈیبیو ٹی 20 میچ میں سنچری کرنے پر بہت خوش ہیں،انہوں نے کہا کہ بطور کھلاڑی اگر آپ کی کسی اننگز سے ٹیم جیت جائے تو اس سے زیادہ خوشی کی اور کوئی بات نہیں ہوسکتی۔

عبداللہ شفیق نے  کہا کہ بائیو سیکیور ماحول میں آنے سے قبل ان کے ذہن میں یہ سوال تھے کہ نا جانےسب کیسا ہوگا مگرملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری نیشنل ٹی 20کپ میں اعلیٰ معیار کے کرکٹ مقابلے جاری ہیں اور خو ش قسمتی سے یہاں کنڈیشنز بھی بیٹسمین کیلیےموزوں ہیں۔

دونوں ٹیمیں 13 اکتوبر کو ایک بار پھر راولپنڈی کے میدان میں مدمقابل آئیں گی۔