سیکریٹری صحت کا ڈرگ لائسنس میں بدنظمی پھیلانے والوں کو ہٹانے کاحکم

275

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری صحت سندھ نے کراچی کے تمام اضلاع میں ڈرگ لائسنس کے اجراءاور تجدید کے عمل کو شفاف اور قانون کے مطابق چلانے کے احکامات دیدیئے ہیں۔

کو الیفایڈ پرسن کی ڈگری ایک وقت میں ایک ہی جگہ کی تصدیق اور ڈگری کے دورانیئے کی جانچ کا عمل سافٹ ویئر کے ذریعے مکمل کیئے بغیر کوئی بھی لائسنس نہ جاری کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ کراچی کے ضلعی صحت افسران کی جانب سے ڈر گ لائسنس کے اجراءاور تجدید کے نظام کو قانون کے مطابق بنانے اور چلانے کے معاملے میں محکمہ صحت کے بعض ملازمین اور تنظیموں کی غیر قانونی مداخلت کے باعث ضلعی صحت انتظامیہ کو پریشانی کا سامنا ہے۔

جس کا سیکریٹری صحت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایسے عناصر کی باقاعدہ رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت دی ہے اور واضح کیا ہے کہ ڈرگ لائسنس کے شعبے میں منسٹریل اور کلریکل کیڈر کے اچھی شہرت کے حامل لوگوں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ایک کوالیفائڈ پرسن کو صرف ایک ہی جگہ کا لائسنس جاری کیا جائے۔

سافٹ ویئر میں ڈگری کے دورانیئے کی جانچ کو بھی یقینی بنا یا جائے۔ذرائع کے مطابق کراچی کے مختلف اضلاع کے ضلعی صحت افسران نے میل نرس ،ڈسپنسر اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے وہ عناصر جو مختلف کاموں کی انجام دہی کےلئے رشوت طلب کرتے ہیں یاسیاسی اور مختلف ذرائع سے ضلعی صحت افسران پر دباﺅ ڈال کر ڈرگ لائسنس کے شعبے میں تقرری کےلئے انہیں تنگ کر رہے ہیں۔

ان کی شکایت سیکریٹری صحت کو کر کے ان سے رہنمائی حاصل کرنے کی درخواست کی تھی جس پر سیکریٹری صحت سندھ نے ضلعی افسران سے واضح طور پر کہا کہ جو محکمہ صحت کا ملازم قانون کی بات نہیں سمجھ رہا اسے ہٹا کر کے ڈی جی آفس میں رپورٹ کرنے کاحکم دیا جائے اور اس کی رپورٹ کی ایک کاپی انہیں بھی ارسال کی جائے۔