ہالا کے سابق ناظم مخدوم جمیل الزماں کرپشن کے الزام میں گرفتار

143

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر)قومی احتساب بیورو(نیب) نے مرحوم مخدوم امین فہیم کے بیٹے اور پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم جمیل الزماں کو کرپشن کے الزم میں گرفتار کر لیا ہے۔ نیب حکام کے مطابق مخدوم جمیل الزماں المعروف مخدوم حبیب اللہ نے مشرف دور میں تعلقہ ناظمی کے دوران کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کی۔ سابقہ تعلقہ ناظم نے سابقہ ٹریژری افسر حیدرآباد مشتاق شیخ سے ملی بھگت کرکے کرپشن کی۔ سابق اکاﺅنٹس افسر حیدرآباد مشتاق شیخ نے دوران تفتیش مخدوم حبیب اللہ کا نام لیا ہے۔ نیب سندھ نے سابقہ تعلقہ ناظم مخدوم حبیب اللہ کو مبینہ کرپشن کے الزام میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔ مخدوم حبیب اللہ نیب کے جاری کردہ نوٹس کے باوجود پیش نہیں ہوئے جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا ہے۔احتساب عدالت حیدرآباد نے مخدوم جلیل الزماںالمعروف حبیب اللہ کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ۔سابق تعلقہ ناظم ہالا مخدوم جلیل کو گذشتہ شب نیب کے نوٹس پر پیش نہ ہونے پرنیب کراچی کی ٹیم نے بحریہ ٹا¶ن کے قریب سے حراست میں لیا تھا اور جمعرات کے روز نیب کورٹ حیدرآباد میں پیش کیا جہاں سے کورٹ نے سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر انہیں نیب کے حوالے کردیا ۔مخدوم جلیل الزماں پر اپنے تعلقہ نظامت میں کروڑوں روپے کے بوگس بل پاس کرانے کا الزام ہے ۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول زرداری کی تعلقہ ہالا کے سابق ناظم مخدوم جلیل الزماں المعروف مخدوم حبیب اللہ کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الزام بتایا نہ ثبوت پیش کیا گیا اور مخدوم حبیب اللہ کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اعلان کے بعد عمران خان نے اپوزیشن سیاست دانوں کے خلاف نیب کو مزید متحرک کردیا۔ چیئرمین بلاول زرداری نے مطالبہ کیا کہ نیب فوری طور پر مخدوم حبیب اللہ کو رہا کرے، نام نہاد احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں عمران خان کی فیس سیونگ نہیں کرسکتیں۔