اسلام آباد(اے پی پی) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ گجرپورہ واقعے کے ملزموں کو اگر 10 برس
بعد سزا ملے تو فائدہ نہیں۔ اسلام آباد میں ویمن ایڈ ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عورت کے تحفظ کا موضوع خوب زیر بحث ہے، جب آپ عورت کو قرآنی حقوق سے محروم کردیں گے تو باقی کیا کریں گے،خواتین کا وراثت کا جائز حق تک سلب کرلیا جاتا ہے،عدالت عظمیٰ نے سرعام سزا پر پابندی لگا رکھی ہے،جبکہ سزا کا سرعام ہونا اپنی جگہ سزا کا یقینی ہونا اس سے بھی زیادہ اہم ہے،صدام کی پھانسی کا منظر ٹی وی پر دکھایاجاسکتاہے تو ریپ کے مجرموں کو بھی ایسی ہی سزا کیوں نہیں دی جاسکتی۔ ریپ کیسز میں خصوصی عدالتیں قائم کرکے جلد سزا یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف کی نائن الیون کے بعد تعلیم کےلیے اختیار کردہ پالیسیوں نے نوجوان نسل کو تباہ کردیا۔ جسٹس ریٹائرڈ اعجاز احمد نے کہا کہ ہمیں ایسا جج چاہیے بچے کی سالگرہ کو عدالت پر ترجیح نہ دے، ایسا ردعمل چاہیے کہ جیسا امریکا میں ایک کالے امریکن کی ہلاکت پر ہوا۔