میاں شہباز شریف کو بے نامی خط پر گرفتار کیا گیا، کلیم شیخ

79

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع حیدر آباد کے صدر کلیم شیخ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں خورشید شاہ، زاہد علی آرائیں، عظیم مغل، ایاز ملک ودیگر مسلم لیگی رہنما موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر کلیم شیخ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب قائد حزب اختلاف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے نامی خط پر انہیں گرفتار کیا گیا ہے جو انصاف اور قانون کی توہین اور منافی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائدین کی گرفتاری انتقام کی حدود کو چھورہی ہے جبکہ نیب میاں شہباز شریف پر کرپشن ثابت کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اور انہیں گرفتار اسی لیے کیا گیا ہے۔ میاںمحمد شہباز شریف پی ڈی ایم کی احتجاجی تحریک میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور ان کی آواز کو دبانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں، گلگت بلتستان میں ہونے والے الیکشن میں حکومت دھاندلی کرکے 2018ء کی روایت کو دہرانا چاہتی ہے، مسلم لیگ (ن) ظالمانہ نظام کے سامنے جھکنے والی نہیں۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگی رہنما خالد عزیز آرائیں، سینئر رہنما عبدالوحید انقلابی نے کہا کہ شہباز شریف کو میاں محمد نواز شریف کے بیانیے پر عمل کرنے کی سزا گرفتاری کی صورت میں ملی، پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے بیانیے کو آگے بڑھائے گی اور پاکستان کے مظلوم عوام کو موجودہ نظام سے نجات دلائے گی۔