کراچی کے عوام سے 14 اکتوبر کو ملک گیر اظہار یکجہتی کیا جائے گا،لیاقت بلوچ

330

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ  نے کہا ہے کہ عوامی مسائل اور کراچی کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر احتجاج کریں گے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے وزرا اپنے رویے سے حالات مزید خراب کررہے ہیں جس سے قومی سلامتی کے لیے خراب صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر پارٹی کو سیاست کرنے کا آئینی اور جمہوری حق حاصل ہے مہنگائی اور یوٹیلٹی بلز عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو رہے ہیں اور وزیراعظم ہیں کہ کنٹینر سیاست کو ترک کرنے کے لیے تیار نہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاست میں سے شرافت اور جمہوری قدریں ختم کی جارہی ہیں طاقت کے ذریعے لوگوں کو غلام بنانا اس ملک میں کسی کو راس نہیں آیا، جنرل مشرف نے این آر او کے ذریعے حکمرانی کی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی اپوزیشن میں اپنے کردار کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے گی14 اکتوبر کو ملک گیر احتجاج کریں گے احتجاج کا مقصد عوامی مسائل اور کراچی کے عوام سے اظہار یکجہتی ہے۔