سندھ میں سیاحت کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت کا اہم اقدام

191

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ میں بے شمار تاریخی مقامات ہیں جنہیں دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے لوگ آتے رہتے ہیں مگر وہاں پر باہر سے آنے والے سیاحوں کے لیے بین الاقوامی معیار کی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے یہ مقامات دن بہ دن دنیا کی نظروں سے اوجھل ہوتے جارہے ہیں۔

اس کے علاوہ صوبہ سندھ میں کئی ایسے مناظر اور جگہیں ہیں جہاں ملک اور بیرون ملک سے آنے والوں کو بین الاقوامی سطح کی سہولتیں دی جائیں تو صوبے کیلئے بڑی آمدنی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سردار شاہ نے اس محکمے کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر کام کرنا شروع کردیا ہے جس میں خاص طور پر آرکیالوجیکل مقامات اور ٹور ازم کارپوریشن کا فروغ سرفہرست ہے۔

سندھ میں سیاحت کے فروغ کیلئے سندھ حکومت نے اقدامات کا آغاز کردیا ہے، اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا ویب پورٹل سیاحوں کو مفید معلومات فراہم کررہا ہے۔

ایس ٹی ڈی سی کے ویب پورٹل www.stdc.gos.pk یہ پاکستان کے کسی بھی صوبے کا پہلا ویب پورٹل ہے جہاں 24 گھنٹے سیاحتی مقامات کی آن لائن بکنگ کی جاتی ہے، اس ویب پر سیاحوں کو متعدد سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

گوگل میپ پر محکمے کی سائیٹس کے تقریباً 20 ہزار تصاویر شائع ہو چکی ہیں جن کو دنیا بھر سے ساڑھے 17 ملین افراد نے دیکھ چکے ہیں۔محکمہ ثقافت، سیاحت و نوادرات کی سائیٹس کے 716 ورچوئل ٹوئرز کو گوگل اسٹریٹ ویو نے شائع کیا جن کو 18 ملین سیاح دیکھ چکے ہیں۔

اس کے علاوہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف میوزک اینڈ پرفارمنگ آرٹ ایکٹ 2020کی منظوری بھی دی جا چکی ہے، جس کے تحت خواہشمند افراد کو سندھ کی قدیم موسیقی کے آلات بجانے کی تربیت بھی دی جائے گی۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سردار شاہ نے کہا کہ سنہ اسی کی دہائی سے قبل سندھ کی ثقافت عروج پر تھی، بعد میں حالات کی خرابی کے باعث اس میں کافی کمی آگئی تھی جو اب کافی حد تک بہتر ہورہی ہے۔