سیکنڈ الیون ٹی ٹوئنٹی ، سدرن پنجاب اور سندھ کی فتح

107

لاہور (نمائندہ خصوصی)قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری نیشنل کپ ٹی ٹوئنٹی سیکنڈ الیون کے دوسرے روز سدرن پنجاب اور سندھ نے اپنے اپنے میچز جیت لیے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں سدرن پنجاب نے ذین عباس کے ناقابل شکست 90 رنز کی بدولت ناردرن کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ سدرن پنجاب نے 148 رنز کا ہدف 9 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ ذین عباس نے 52 گیندوں پر 11 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 90 رنز کی اننگز کھیلی۔ ناردرن کے اطہر محمود نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ناردرن کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز ہی بنا سکی۔ ناصر نواز نے 29 رنز اسکور کیے جبکہ محمد عرفان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اگلے میچ میں سندھ نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ فاتح ٹیم نے مطلوبہ ہدف تین گیندیں قبل پورا کرلیا۔ حسن محسن کی 34 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے سندھ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ بلوچستان کے جلات خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ عبدلواحد بنگلزئی 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 73 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ سندھ کے رمیز عزیز اور فواد عالم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تین اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب جبکہ دوسرے میچ میں بلوچستان اور سنٹرل پنجاب کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔