سیکنڈ الیون ٹی ٹوئنٹی، خیبرپختونخوا اورسینٹرل پنجاب کی فتح

117
ملتان: قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں سینٹرل پنجاب اور نادرن کے درمیان کھیلے گئے میچ کا ایک منظر

لاہور(نمائندہ خصوصی)قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری قومی کپ ٹی ٹوئنٹی سیکنڈ الیون کے تیسرے روز خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ پہلے میچ میں خیبرپختونخوا کے اوپنرز اسرار اللہ اور مصد ق احمد کی 145 رنز کی شاندار ابتدائی شراکت کی بدولت سدرن پنجاب کو 10 وکٹوں سیشکست دے کر آؤٹ کلاس کردیا۔ اسرار اللہ 71 اور مصدق احمد 62 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سدرن پنجاب نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140رنز بنائے۔ سلمان علی نے88 رنز اسکور کیے جبکہ محمدسرور نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرے میچ میں سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو 17رنز سے ہرادیا۔ 143 رنز کے تعاقب میں بلوچستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز ہی بناسکی۔ ایاز تصور 48 اور عبدالناصر 24 رنز بناکر نمایاں رہے۔سینٹرل پنجاب کے وقاص مقصود اور بلاول اقبال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل اختر شاہ کے شاندار بولنگ اسپیل کا سامنا کرتے ہوئے سینٹرل پنجاب کی ابتدائی 4 وکٹیں محض 65 رنز پر گر گئیں، جس کے بعد رضا علی ڈار اور محمد سعد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ رضا علی ڈار 39 اور محمد سعد 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سنٹرل پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے۔ بلوچستان کے اختر شاہ نے 4 اور نجیب اللہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔خیبرپختونخوا اور سنٹرل پنجاب کی ٹیمیں اپنے اپنے میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔