بدین، اے ایس آئی کی تذلیل پر ایس ایچ او معطل

68

بدین (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے بعد بدین کے ایک اے ایس آئی کا اپنے ایس ایچ او کیخلاف وڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل، شراب کے نشے میں دھت ہو کر تذلیل کرنے کا الزام، ایس ایس پی بدین کا نوٹس، ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا۔ گولارچی تحصیل کے تھانے کھورواہ کی پولیس پوسٹ کے انچارج اے ایس آئی غلام نبی حاجانو نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے وڈیو بیان میں اپنے تھانے کے ایس ایچ او غلام قادر شورو پر بداخلاقی اور بدتمیزی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او کھورواہ شراب کے نشے میں دھت رہتا ہے، عملے کو گالیاں دیتا ہے اور ہر وقت تذلیل کرتا ہے۔ اے ایس آئی غلام نبی نے کہا کہ اس طرح کی بداخلاقی اور بدتمیزی اب برداشت نہیں، نوٹس نہ لیا تو خودکشی کرلوں گا۔ ایس ایس پی بدین شبیر احمد سیٹھار نے شکایات موصول ہونے پر ایس ایچ او تھانہ کھورواہ انسپکٹر غلام قادر شورو کو معطل کر کے شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ پولیس ترجمان کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایس ایچ او کیخلاف شکایات ہیں کہ وہ دوران ڈیوٹی شراب نوشی اور پولیس اسٹاف سے بدتمیزی کرتا ہے، جس کو معطل کرتے ہوئے معاملے کی انکوائری ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر بدین کو دی ہے۔