تاحال سندھ کے علاقے برساتی پانی میں گھرے ہوئے ہیں

77

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ تاحال سندھ کے علاقے برساتی پانی میں گھرے ہوئے ہیں، حکومت سندھ کے پاس پانی نکانے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کارڈ کا بہت استعمال کرچکی، اب سندھ کارڈ نہیں کھیلنے دیں گے، عوام ان کی اصلیت سے واقف ہیں، 18ویں ترمیم کے تحت سب اختیارات اور فنڈ سندھ حکومت کے پاس ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدر آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو عدالتوں کا احترام کرنا چاہیے، اب نواز شریف ایم کیو ایم کے بانی کی زبان استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پیکج کے پیسے کسی کو نہیں ملیں گے، اس حوالے سے منصوبہ لارہے ہیں، جن میں 62 فیصد منصوبے وفاق پورے کرے گی، 38 فیصد منصوبے سندھ حکومت مکمل کرے گی، ساڑھے سات سو ارب روپے وفاق اور ساڑھے تین سو ارب صوبہ خرچ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وفاق سے فنڈ نہ ملنے کا رونا رو رہے ہیں جبکہ اربوں روپے کا فنڈز موجود ہونے کے باوجود انہوں نے کوئی کام نہیں کیا۔ کراچی میں انٹر سٹی ریلوے کی بات کرنے والوں کے پاس کراچی کا پانی نکالنے کا بندوبست نہیں ہے۔ لاڑکانہ کی دوائیں کراچی میں بک رہی ہیں۔ برسات متاثرین کو سندھ حکومت کی جانب سے کوئی ریلیف نہیں ملا۔