سندھو دیش کے خواب خاک ہوجائیںگے، ایم کیو ایم

115

حیدرآباد(نمائندہ جسارت/مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سیاسی قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیر آباد سے اسٹیشن روڈتک حیدرآبادمارچ کیا۔ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر اور سابق وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت سندھ کے شہری حقوق کے لیے آخری حد تک جائے گی۔انہوںنے کہا کہ سندھو دیش کے خواب خاک ہوجائیں گے، آج حیدر آباد مارچ نے تمام سازشوں اور منصوبوں کو تاراج کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سندھ کے لیے اپنے حصے سے زیادہ قربانی دے چکے ہیں، ہمیں کسی کی زمین نہیں چاہیے ہمارے پاس اپنی زمین کافی ہے، مہاجر اور ایم کیو ایم اپنی شناخت کے لیے آخری حد تک جائے گی۔ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وڈیروں سے نجات حاصل نہیں کرو گے تمہاری قسمت نہیں بدلے گی۔جو تنظیم صوبے کی مخالفت کرتی ہے وہ مہاجروں کی مخالف جماعت ہے۔مرکزی رابطہ کمیٹی کے رکن خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ صوبے میں ایک قوم مہاجر دوسری قوم سندھی موجود ہے، ہم نے امن کی پالیسی اختیار کی ہے تو کوئی یہ نہ سمجھے کہ کوئی ہمارے سر پر چڑھ دوڑے گا، اگر پیپلز پارٹی نے اپنی روش نہ بدلی تو پورا شہری سندھ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دے گا۔