عوام کرپٹ عناصر سے نجات دلانے کیلیے ساتھ دیں‘ امیر مقام

136

دیر بالا(این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ملک پر چوروں اور لٹیروں کا قبضہ ہیں۔ عوام ان کرپٹ عناصر سے نجات دلانے کے لیے مسلم لیگ (ن )کا ساتھ دیں۔مسلم لیگ (ن )کے ضلعی صدر نثار خان وردگ کی رہائش گاہ پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد پی ڈی ایم ملک میں حقیقی جمہوریت لانے تک چین سے نہیں بیٹھے گا۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت کا دورتاریخ کا ناکام ترین دور ثابت ہوا جس میں 2برس کے دوران عوام خود کشیوں پر مجبور ہوگئے ہیں۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عمران خان اور اس کی معاشی ٹیم نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی اور بے روز گاری کی وجہ سے لوگ 2وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں ، الیکشن کے دوران کیے گئے وعدے جھوٹے اور فراڈ ثابت ہورہے ہیں، اوور سیز پاکستانیوں اور نوجوانو ںسے تبدیلی کے نام پر ووٹ لے کر دھو کا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر آئینی حکومت سے جان چھڑانے کا وقت آچکا ہے جس کے لیے اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد تنکوں کے سہارے پر قائم حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج 22 کروڑ عوام کی فوج ہے جس پر پوری قوم فخر کرتی ہیں مگر بد قسمتی سے عمران خان اداروں کو متنازع بنانے پر تلے ہوئے ہیں جس کی ہم شدید الفاظ میں مذ مت کرتے ہیں۔لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان کی تمام اپوزیشن جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا خوش آئند عمل ہے جو کہ جعلی حکومت سے نجات کا ذریعہ بنے گی۔انہوںنے کہا کہ ہم نے چینی چور، آٹا چور، دوائی چور اور پیٹرول چور حکمرانوں کے خلاف طبل جنگ بجا دیا ہے اور بہت جلد خیبر سے کراچی تک عوام کا سمندر اس کرپٹ مافیا کو چلتا کر نے کے لیے سڑکوں پر ہو گا، جس کا آغاز ہم نے آج دیر بالا سے کر د یا ہے۔