حب میں پولیس اور سی آئی اے کی مشترکہ کارروائی،4ملزمان گرفتار

116

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے صنعتی شہرحب میں پولیس اور سی آئی اے کی مشترکہ کارروائی، 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے منشیات اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ اطلاعات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایس ایچ او حب سٹی پولیس عطا اللہ نمانی اور انچارج سی آئی اے شاہنواز مینگل نے حب شہر کے مختلف علاقوں میں مشترکہ کریک ڈائون کرتے ہوئے4کلو چرس ، آدھا کلو آئس اور چوری کی گئی ایک موٹر سائیکل برآمد کرکے 4 ملزمان کو دھرلیا ۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔ اس موقع پر ایس ایچ او عطا اللہ نمانی نے کہا کہ منشیات و جرائم کے خلاف کریک ڈائون کارروائیاں جاری رہیں گی کسی کو شہر کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔دوسری جانب آر سی ڈی شاہراہ پر واقع تالو لانڈھی کے قریب 2تیز رفتار زمباد پک اپ گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے 4 افراد ثنا اللہ سکنہ دالبندین ، رحمت اللہ سکنہ دالبندین ،نواز سکنہ ماشکیل اورمنظور ساکن ماشکیل شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طو رپر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال دالبندین منتقل کردیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمی نواز کو کوئٹہ ریفر کردیا گیا ہے ۔ گاڑیوں کے تصادم کے دوران ڈیزل سے لوڈ زمباد پک اپ گاڑی الٹ گئی جس کے سبب ہزاروں لیٹر ڈیزل زمین پر بہنا شروع ہوگیا اور گاڑی مالک کو لاکھوں روپے کے نقصانات ہوئے ۔علاوہ ازیں فیصل کالونی بائی پاس روڈ پر تیز رفتار موٹر سائیکل سے گر کر 2 افراد شدید زخمی ہوگئے مزید تفتیش جاری ہے۔