اگست 21۔2019
نکاح کا مقصد اللہ کا پیغام دنیا میں پھیلانے والی نسل تیار کرنا ہے
کراچی کے پہلے سٹی ناظم سابق امیر جماعت اسلامی کراچی نعمت اللہ خان کی پوتی ند یم اقبال ایڈووکیٹ کی بیٹی طاہرہ ندیم خان کا نکاح منیب احمد مفتی کے ساتھ کراچی میں انجام پایا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر عبدالغفار عزیزنے نکاح پڑھایا اور خطبہ دیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اللہ نے نکاح کو محض 2 افراد مرد وزن کے ملنے یا نئے خاندان کے آغاز کاذریعہ نہیں بنایابلکہ اس کا مقصد اللہ کا پیغام دنیا میں پھیلانے کے لیے ایک نقطہ آغازہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ نے عورت کو جو بلند مرتبہ عطا کیا ہے ، اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نبوت ملنے سے 15 برس قبل آپ کا نکاح حضرت خدیجہ سے ہوا، کوئی اسوقت سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ آپؐ کو نبوت ملے گی اور حضرت خدیجہ سب سے پہلے تصدیق کریں گی ۔
انہوں نے اسلامی معاشرے میں عورت کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ گھر کے کام کاج اور باہر کی تقسیم ضرور ہے لیکن اصل بات دین کے اصولوں کے مطابق زندگی گزارنا ہے۔ انہوں نے نکاح کے مقصد کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی مثال فلسطین سے لے سکتے ہیں جہاں ہر مرد اور عورت کا مقصد نکاح یہ ہوتا ہے کہ ایسی نسل چھوڑ کر جائیں جو قبلہ اوّل کو یہود کے پنجے سے آزاد کرانے کے جذبے سے سرشار ہو ،ہمیں بھی نکاح کی برکتوں ، ایمان کی تکمیل اور سنت کی پیروی کے ساتھ اس ملک میں نفاذ اسلام کی جدو جہد کرنے والی نسل چھوڑ کر جانے کی فکر ہونی چاہیے
نومبر 26، 2016
عالم اسلام کے خلاف عالم کفر نے گٹھ جوڑ کر رکھا ہے
جماعت اسلامی پاکستان کے نگراں امور خارجہ عبد الغفار عزیز نے مصر ،شام ، عالم عرب اور امت مسلملہ کے عمومی حالات پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف اسرائیل کا صدر بھارت کا دورہ کررہا ہے تو دوسری جانب ترکی کے صدر طیب رجب اردوان نے پاکستان کا دورہ کیا ۔ عالم اسلام کے خلاف عالم کفر نے گٹھ جوڑ کر رکھا ہے اور مسلمانوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مصر، فلسطین اور بنگلہ دیش میں اسلامی تحریکوں کو رہائشی جبر و تسلط اور سرکاری دہشت گردی کا سامنا ہے اسلامی تحریکوں سے وابستہ افراد کا حوصلہ بلند اور جواں ہے۔
اگست 14-2019
پاکستان امت مسلمہ کے لیے امید کی کرن ہے
جماعت اسلامی پاکستان کے ہیڈکوارٹر منصورہ لاہورمیں یوم آزادی اور پرچم کشائی کی پروقار تقریب ہوئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان عبدا لغفار عزیز نے کہا کہ پاکستان مدینے کی اسلامی ریاست کی طرز پر کلمہ طیبہ کی بنیاد پروجود میں آیا۔پاکستان کی بنیاد میں لاکھوں شہدا کا خون ہے ۔ پاکستان کی ترقی ،خوشحالی اور سلامتی کا ضامن اسلام ہے ۔ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
انہوںنے کہا کہ نظام مصطفیؐ ہمارے تمام مسائل کا حل ہے ۔ پاکستان پوری امت مسلمہ کے لیے امید کی کرن ہے ۔ آج مصر ،بنگلا دیش ،کشمیر اور فلسطین میں جو ظلم اور قتل غارت کا کھیل کھیلا جارہا ہے دنیا اس پر شرما رہی ہے مگر ظالم کے ہاتھ روکنے والا کوئی نہیں ۔ظلم کے خاتمے کے لیے امن کے داعی آفاقی دین اسلام کاغلبہ ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔کشمیری پاکستان کے لیے جانیں قربان کررہے ہیں۔ عالمی برادری بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے ۔
انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی نے پاکستان کے نظریاتی تشخص کی حفاظت کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں ،ہماری تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے ۔ہماری جدوجہد کا محور اور مرکز پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و فلاحی مملکت بنا نا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش میں آج بھی جماعت اسلامی کے رہنما پاکستان سے وفا اورمحبت کے جرم میں پھانسیوں پر لٹکائے جارہے ہیں۔