پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا نام استعمال نہیں کرنے دیں گے

262

اسلام آباد:سینیٹ کی فنگشنل کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات نے کہا ہے کہ  اگر پاکستان سپر لیگ میں بلوچستان کے کھلاڑیوں کو نمائندگی نہ دی گئی تو انہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کانام استعمال نہیں کرنے دیں گے ۔

سینیٹ کی فنگشنل کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات کا اجلاس چیئرمین سینیٹر عثمان خان کاکڑ کی سربراہی میں پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا، اجلاس میں اسپورٹس کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ چیئرمین کرکٹ بورڈ کمیٹی کے اجلاس میں کیوں نہیں آئے ،اگر وہ آئندہ میٹنگ میں نہ آئے تو ان کے خلاف تحریک استحقاق لائیں گے،انہوں نے کہا کہ جب تک چیئرمین کرکٹ بورڈ کمیٹی میں نہیں آئیں گے تو ہم کسی کو نہیں سن سکتے ۔

چیئرمین کمیٹی عثمان کاکڑ نے کہا کہ کوئٹہ میں تین ماہ کے اندر کرکٹ اکیڈمی کی بنیاد رکھی جانی چاہیے جس صوبے کی ٹیم ہو، اس میں 40فیصد کھیلاڑی اس صوبے کے ہونے چاہیں ۔اس پر پی سی بی کے ڈومیسٹک کرکٹ کے حکام نے کہا کہ ہم ٹیم کے مالک سے نہیں کہہ سکتے کہ آپ کہاں سے کھلاڑی لیں یہ ان کی اپنی مرضی ہوتی ہے۔

 اس پرسینیٹر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اگر کوئٹہ کی ٹیم میں کوئٹہ کے کھلاڑی نہیں ہوں گے تو ہم کوئٹہ کا نام نہیں رکھنے نہیں دیں گے ،اس میں پہلے کوئٹہ کی صورت حال سب کے سامنے ہے،  ٹیم کوئٹہ کی ہے لیکن ایک بھی کھلاڑی مقامی نہیں ۔

 سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ کوئٹہ ٹیم میں ایک بچہ نہیں ہے تو پھر اس کانام کوئٹہ گلیڈیئٹر کیوں رکھا گیا، اس ٹیم کا نام کوئٹہ سے منسلک نہیں ہونا چاہیے۔