منصوبہ بندی کے بغیر کوئی تحریک آگے نہیں بڑھ سکتی، کاشف شیخ

68

کراچی (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی فکری اور علمی تحریک ہے اور اسٹڈی سرکل انفرادی اور اجتماعی ذہنی آبیاری ہے ، کوئی بھی تحریک منصوبہ بندی و عمل کے ذریعے ہی آگے بڑھا کرتی ہے جو محض خواہشات کا مجموعہ نہیں ہے بلکہ اس کے لیے جنون کی حد تک انتھک محنت اور لگن کے ساتھ جماعت
اسلامی کی دعوت کو گلی گلی، کوچہ کوچہ عوام میں پھیلاکر تحریکی مقاصد کے حصول کا نام ہے، ہمارے لیے یہ لمحہ فکر ہے کہ ایک سروے کے مطابق سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒ کی عظیم شخصیت سے ملک کے 15 فیصد سے بھی کم افراد واقفیت رکھتے ہیں جبکہ ہمیں الیکشن میں 2 فیصد ووٹ ملتے ہیں حالانکہ جماعت اسلامی کی کوششوں سے ملک کے 67فیصد عوام کشمیر پر سمجھوتانہیں کرنا چاہتے، 80فیصد افراد سیاست کو دین کا حصہ سمجھتے ہیں اور وطن عزیز کی 94فیصد خواتین حجاب لینا پسند کرتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد کے تحت مسجد نور ایمان المرکز اسلامی ہال میں منعقدہ اسٹڈی سرکل بعنوان ’’مثالی مقامی جماعت‘‘برائے ارکان ، امیدواران اور ذمے داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بھی ملک میں 60فیصد نوجوان کسی بھی سیاسی اور مذہبی جماعت کا باقاعدہ حصہ نہیں ، اس لیے ہمیں اس حکمت عملی سے کام کرنا چاہیے تاکہ ان کو تحریک اسلامی کے دائرے میں لایا جائے۔موجودہ حکومت کی جانب سے اپنی 2سالہ بدترین حکمرانی میں سب سے زیادہ نوجوان متاثر ہوئے ہیں،اعلیٰ ڈگری ہولڈر اور مختلف شعبہ جات میں بہترین تربیت حاصل کرنے کے بعد آج نوجوان بیروزگاری کی وجہ سے نفسیاتی مسائل اور نشہ آورادویات کا شکار ہورہے ہیں جنہیں سہارا دینے کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ اور جماعت اسلامی کو اپنا مؤثرکردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر ضلعی امیر دیدار علی لاشاری ، عبدالحمید مغل، ایڈووکیٹ اطہر مجید تنیو بھی موجود تھے جبکہ ضلع بھر کے مقامی حلقہ جات سے بڑی تعداد میں ارکان و امیدوار ان نے شرکت کی۔