وفاقی حکومت کا کراچی میں 5 پناہ گاہیں قائم کرنیکا فیصلہ

254

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی حکومت نے کراچی کے بے گھر افراد کیلئے 5 پناہ گاہیں بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع شرقی،غربی،جنوبی اور وسطی کے علاوہ لانڈھی میں بھی پناہ گاہ قائم کی جائے گی۔

ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس نے کہا ہے کہ کراچی میں قائم ہر پناہ گاہ میں روزانہ 400 افراد کو شام کا کھانا دیا جائے گا جبکہ یومیہ 100 لوگ رات بسر کرنے کے ساتھ صبح کا نشانہ بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پناہ گاہیں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قائم کی جارہی ہیں، شہر قائد پورے ملک کا بوجھ اٹھا رہا ہے، کراچی کے بعد سکھر، حیدر آباد اور دیہی سندھ میں بھی پناہ گاہیں بنیں گی۔

عون عباس نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے سندھ کے ساتھ بلوچستان میں بھی پناہ گاہیں بنانے کی ہدایت کی ہے،محکمہ بیت المال ک بجٹ رواں سال 6.1 ارب روپے ہے، وزیراعظم نے آئندہ سال بجٹ بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کی پناہ گاہوں میں 91 ہزار افراد کو کھانا فراہم کیا گیا جبکہ چار پناہ گاہوں میں 9 ہزار 400 افراد کو رات گزارنے کیلئے پناہ دی گئی ہے۔