زمبابوے کیخلاف ٹیم کا اعلان 19 اکتوبر کو ہوگا

259

زمبابوےکیخلاف سیریز کے لیے قومی ٹی ٹوینٹی اور ایک روزہ ٹیموں کااعلان 19اکتوبرکو کیا جائے گا۔

چیف سلیکٹر مصباح الحق قذافی اسٹیڈیم لاہور پہنچے اور سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے میچز کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ  زمبابوے کیخلاف سیریز کا اعلان نیشنل ٹی 20 کپ کے بعد ہوگا، 22 یا 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی والےلڑکوں کو زمبابوے ،نیوزی لینڈ کیخلاف موقع دےسکتےہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں اپنی مہم کا آغاز زمباوے کے خلاف 3 میچوں کی سیریز سے کرے گی۔ 3 ون ڈے میچوں پرمشتمل سیریز کا آغاز30 اکتوبر سے ہوگا۔ ملتان میں کھیلی جانے والی سیریز کے دیگر2 میچز یکم اور 3 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

اس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے راولپنڈی کا رخ کریں گی، جہاں وہ 7، 8 اور 10 نومبر کو ایکشن میں نظر آئیں گی۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ دراصل آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے، جہاں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے 12 ممالک سمیت نیدرلینڈ کی ٹیم ایکشن میں نظر آئے گی۔ ایونٹ کی 7 بہترین ٹیمیں اور ایک میزبان ملک کو میگا ایونٹ میں رسائی ملے گی۔ سپر لیگ میں شامل ہر ٹیم کو4 ہوم اور4 اوے سیریز میں شرکت کرنی ہے۔