وزیراعظم نے پتھر سے جواب دینے کی ذمے داری دی ہے‘ شیخ رشید

112

راولپنڈی (صباح نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مجھے ذمے داری دی ہے کہ اپوزیشن کی اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے‘ سابق وزیراعظم نواز شریف کو واپس لاکر قانون کے حوالے کیا جائے گا۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن باہر نکلے گی تو شکست ہوگی‘ غداری کا مقدمہ بدر رشیدنامی شخص نے در ج کرایا ‘ وزیراعظم کا اس سے تعلق نہیں‘ تحریک انصاف کے ایک کروڑ 70 لاکھ کارکن ہیں‘ ہوسکتا ہے کہ بدر رشید تحریک انصاف کا کارکن ہو‘ آزاد کشمیرکا وزیراعظم ویسے ہی وہاں رو رہا تھا‘ پتا نہیںکون مر گیا تھا‘ مریم نواز ایک خاتون ہیں میں اس وقت تک ان کا احترام کروں گا‘ جب تک میرے بارے میں نہیں کہیں گی‘ اپوزیشن کا اتحاد 31 دسمبر اور زیادہ سے زیادہ20 فروری تک چلے گا‘ پیپلزپارٹی زیادہ دیر اپوزیشن کے ساتھ نہیں چلے گی‘18 تاریخ کو پیپلزپارٹی والے سانحہ کار ساز کے جلسے میں جا رہے ہیں‘ مسلم لیگ ش بن کر رہے گی‘ شہباز شریف بڑا سمجھدار آدمی ہے سوچ سمجھ کر ذاتی حفاظت کے لیے اندر چلا گیا تاکہ کام نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اسی مہینے ایم ایل ون بھی چل جائے گا اور نالہ لئی کا پروجیکٹ بھی شروع ہو جائے گا‘ انشاء اللہ راولپنڈی کے تمام پروجیکٹس مکمل ہوں گے اور ایک لاکھ لوگوں کو روزگاردیںگے۔ شیخ رشید نے کہاکہ میں زرداری کا ترجمان نہیں ہوں‘ پہلے بھی مجھے آپ نے بلو رانی کے ساتھ لڑا دیا ‘ مجھے خطرہ ہے کہیں بریک اپ ہی نہ ہوجائے۔