سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع گاندربال کے علاقے کانگن کے فوجی اڈے میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔گولی کی آواز سْن کر جب ساتھی اہلکار جائے وقوعپر پہنچے تو اہلکار کو خون میں لت پت
پایا اور سرکاری رائفل قریب ہی پڑی تھی۔ اہلکار کو اسپتال لے جایا گیا جہاں موت کی تصدیق کردی گئی۔کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ ضروری کارروائی کے بعد اہلکار کی لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا، تاحال خودکشی کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ خودکشی کرنے والے اہلکار کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔واضح رہے کہ جنوری 2007 سے تاحال پست ہمتی اور ذہنی دبائو کے باعث خودکشی اور آپسی جھگڑوں میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوج کے اہلکاروں کی تعداد 475 ہوگئی ہے۔