کوئٹہ ،رند اور کھوسہ برادری میں زمینی تنازعے پر تصادم ،6افراد قتل

102

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)ضلع کچھی میں قبائل کے درمیان زمین کے تنازع پرتصادم میں 6 افراد قتل اور8 زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے لنڈی کھوسہ کے مقا م پر رند اور کھوسہ قبائل میں زمین کی حد بندی کے معاملے پر جھگڑا ہوا۔ اس دوران کھوسہ قبائل کے افراد نے فائرنگ کرکے رند قبیلے سے تعلق رکھنے والے دو افراد قتل کردیے جن میں سابق وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی سبی حاجی محمد حیات رند اور حاجی غلام مصطفی رندشامل ہیں۔ بعد ازاں رند قبائل کے افراد لشکر لے کر مخالف فریق پر حملہ آور ہوئے اس دوران دونوں اطراف سے کلاشنکوف اور دوسرے چھوٹے ہتھیاروں کے ذریعے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کھوسہ قبائل کے چار افراد ہلاک ہوگئے۔ تصادم میں دونوں فریقین کے 8 افراد زخمی بھی ہوئے۔اطلاع ملتے ہی لیویز کی بھاری نفری انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ پہنچی اور صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردیں۔علاقے میں اب تک صورتحال کشیدہ ہے۔ لیویز کے مطابق پانچ لاشیں سول اسپتال اورایک لاش سول اسپتال سبی منتقل کی گئی ہے۔زخمیوں کو بھی سبی منتقل کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے علاقے دکی میں رشتے کے تنازعہ پر فائرنگ ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق کلی پرانا دکی میں(ناراض ہو کر میکے پہنچنے والی ) لڑکی کو زبردستی لے جانے کے دوران مزاحمت پر مسلح افراد کی فائرنگ سے لڑکی کے والد گل محمد جاں بحق ہوگئے ، ملزمان لڑکی کو اپنے ساتھ لے کر فرار ہوگئے ، نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مقتول کی بیٹی روٹ کر ہو کر والدین کے گھر آئی تھی ۔ پولیس نے 4ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔