اپوزیشن اتحاد کیساتھ ہی حکومت پیچھے ہٹنا شروع ہوگئی، پیپلزپارٹی

111

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے قیام کے ساتھ ہی حکومت پیچھے ہٹنا شروع ہو گئی ہے، سلیکٹڈ تیزی سے اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ کہا کہ تاریخ گواہ ہے جو حکومت پیچھے ہٹی اسے شکست فاش ہوئی ہے،ابھی تو پی ڈی ایم نے تحریک شروع نہیں کی اور خان صاحب کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں، انتقام، نفرت اور علاقائیت کی جو سیاست سلیکٹڈ کر رہے ہیں اس کا انجام عوامی غیض و غضب ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی مقبول قیادت پر غداری کے مقدمات اور سندھ کے جزائر پر قبضے کی سازشیں کی گئیں، عمران خان جو کچھ کر رہے ہیں یہ سیاست نہیں انتقام اور لوٹ مار ہے، مہنگائی ،بیروزگاری اور ناقص پالیسیوں سے تنگ عوام اپوزیشن کے اتحاد کے منتظر تھے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد ہوتے ہی عوام نے حکمرانوں کو للکارنا شروع کر دیا ہے، پی ڈی ایم کے قیام کی 2 ہفتوں کے اندر حکومت میں تقسیم واضح ہو چکی ہے۔