جماعت اسلامی حیدرآباد کے تحت عوامی مارچ کل ہوگا

141

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے تحت ’’عوامی مارچ‘‘9اکتوبر 2020ء کو 3بجے دوپہر گل سینٹر تا حیسکو چیف آفس تک ریلی نکالی جائے گی۔اس سلسلے میں شہر بھر میں بینرز آویزاں کیے گئے ہیں، مساجد اور اہم عوامی مقامات پر ہینڈ بلز تقسیم کیے گے ۔امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے حیسکو کے خلاف ہینڈ بلز تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد شہر مسائلستان بن چکا ہے، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، گیس کی لوڈشیڈنگ، پانی اور ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی اور حیسکو مظالم نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ بعض علاقوں میں کئی مہینوں سے بجلی ہے اور نہ پینے کا پانی ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حیدرآبادکا کوئی والی وارث نہیں ہے۔ جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحید قریشی ، جے آئی یوتھ سندھ کے جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ اور جماعت اسلامی زون شمالی کے امیر اقبال قریشی نے عوامی رابطہ مہم کے دوران ہینڈز بلز تقسیم کیے۔