پی پی رہنما مخدوم جلیل الزماں 10سال کے لیے نااہل

146

حیدرآباد(خبر ایجنسیاں) احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم جلیل الزماں کو ڈیڑھ کروڑ روپے کی کرپشن سے متعلق کیس میں 10سال کے لیے نااہل قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کی احتساب عدالت میں پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم جلیل الزماں کے خلاف ڈیڑھ کروڑ روپے کی کرپشن سے متعلق کیس پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے مخدوم جلیل الزماں کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کردیا۔عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پلی بارگین کی درخواست جمع کرانے پر مخدوم جلیل الزماں ولد مخدوم امین فہیم مرحوم مجرم ثابت ہوتا ہے، مخدوم جلیل الزماں کو 10 سال کے لیے نااہل قرار دیا جاتا ہے، ان پر ہر قسم کے الیکشن لڑنے پر پابندی عائد ہوگی۔ وہ کسی عوامی دفتر میں نہیں بیٹھ سکیں گے۔ وہ کسی قسم کی مالی سہولیات حاصل کرنے کے لیے بھی نااہل ہوں گے۔ وہ کسی بھی سرکاری اور نجی بینک سے ملزم کوئی قرض اور ایڈوانس وصول نہیں کرسکیں گے۔واضح رہے کہ مخدوم جلیل الزماں پر سابق اکاؤنٹ افسر حیدرآباد مشتاق شیخ سے ڈیڑھ کروڑ روپے غیرقانونی وصولی کا الزام تھا۔ نیب نے مخدوم جلیل الزماں کو گرفتار کیا تھا جس پر انہوں نے پلی بارگین کی درخواست کی تھی۔