مقبوضہ کشمیر ،بھارتی فوج کی ریاستی دہشت میں 3نوجوان شہید

134

سری نگر(خبر ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی جاری رکھتے ہوئے مزید تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی افواج نے ضلع شوپیاں کے علاقے سوگن میں سرچ آپریشن کی آڑ میں محاصرہ کر کے تین کشمیریوں کو شہید کیا۔کے ایم ایس کے مطابق بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف پورے ضلع میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس میں بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج، پیلٹ گنوں اور آنسو گیس شیل کا بے دریغ استعمال کیا جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ قابض فوج نے درجنوں افراد کو حراست میں بھی لے لیا۔ا س دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں اور ایک دوسرے پر پتھرائو کرتے رہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل بھی بھارتی فورسز کی جانب سے شوپیاں میں شہید کیے گئے تین کشمیری نوجوانوں کی میتیں ان کے ورثاء کے حوالے کی گئیں۔قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نہتے کشمیری مزدوروں پر پاکستانی دہشت گرد ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا تاہم بھارتی تحقیقات میں تینوں بے گناہ ثابت ہوئے۔