نیب نے خواجہ آصف کو طلب کرلیا،اقامت سمیت دستاویزات لانے کی ہدایت

110

لاہور(نمائندہ جسارت)قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کو آج طلب کرلیا۔نیب لاہور نے لیگی رہنما خواجہ آصف کو متحدہ عرب امارات کی کمپنی میں ملازمت کی تفصیلات اور دستاویزات سمیت طلب کیا۔نیب نے انہیں 2004 سے 2017 کے دوران اقامے کی کاپیاں، ملازمت کےلیے دی گئی درخواست کی کاپی اور ملازمت کی نوعیت، تنخواہ کے چیکس، ایمپلائیز فائل کی تصدیق شدہ کاپی اور اختتامی تفصیلات ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ کمپنی معاہدے کے مطابق خواجہ آصف کو ہفتے میں ایک دن آرام دیا جانا تھا مگر وہ پاکستان میں رہتے ہوئے تنخواہ وصول کرتے رہے، کیا آفس کو جوائن نہ کرنا اقامہ معاہدے کی خلاف ورزی نہیں تھا؟ نیب نے میسرز آئی میکو کے 2004 تا 2019 تک کے جمع کرائے گئے مالی گوشواروں کی تفصیلات بھی مانگی ہیں۔ اس کے علاوہ خواجہ آصف کو جاری نوٹس میں متحدہ عرب امارات کی کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر کو بھی پیش ہونے کا پابند بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔کمپنی کے ایم ڈی الیاس سلمان کو الگ سے بھی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ خواجہ آصف متعدد بار نیب میں پیش ہوچکے ہیں اور ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مجھے میری پارٹی کے قائد نوازشریف کی طرف سے آصف زرداری سے متعلق موضوع پر بات کرنے سے منع کیا گیا ہے ، جب بھی مجھے بولنے کی اجازت ہوگی تواس پر کھل کر بات کروں گا۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حکومت کا اختتام شروع ہو چکا ہے ، حکومت کی جانب سے گرفتاریاں شکست کا اعتراف ہو گا ، جب کہ حکومت ایک وارداتی کے ذریعے ہمارے خلاف مقدمات بنا رہی ہے ، عمران خان کو اگر ایف آئی آر کا علم نہیں تو پھر ان کی دماغی صلاحیت پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین بھی حکومت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں ، دوسری طرف سب سے زیادہ کرپٹ آدمی اس وقت کابینہ میں بیٹھے ہیں ، ایک چھت تلے اس سے زیادہ کرپٹ لوگ آپ کو کہیں نہیں ملیں گے ، اس حکومت کے ساتھ مفاہمت کی بات نہ کبھی شہبازشریف نے کی نہ ہی ہم نے کی ، ہماری شناخت پاکستان ہے اور ہمیں کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔