بلدیاتی افسران کی مصروفیات کے باعث وسطی کے اسپورٹس کمپلیکس تاحال بحال نہیں ہوسکے

188

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) ڈپٹی کمشنر و ایدمنسٹریٹر بلدیہ وسطی محمد بخش دھاریجو اور میونسپل کمشنر کی غیر ضروری مصروفیات کے باعث بلدیہ وسطی کے پارکس،اسپورٹس کمپلیکس تاحال بحال نہیں ہوسکے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر نے بلدیہ وسطی کے انتظامی معاملات اسسٹنٹ کمشنر کے حوالے کرکے خود کو ڈپٹی کمشنر آفس تک محدود کر رکھا ہے جس کی وجہ سے بلدیہ وسطی کا بدرالحسن فاروقی اسپورٹس کمپلیکس گول مارکیٹ تاحال تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔

مذکورہ اسپورٹس کمپلیکس ناظم آباد میں شہر کے نوجوانوں کے لئے بہترین صحت مندانہ سرگرمیوں کا مرکز تھا،جس نے کراچی،سندھ اور پاکستان کو کھیلوں کے لئے بے پناہ نوجوان کھلاڑی فراہم کیے ہیں جنہوں نے ملکی اور عالمی سطح کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔1992میں بنائے گئے اس اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کے سینکڑوں مقابلے منعقد کیے گئے۔

لیکن عالمی وباء کورونا وائرس کے بعد ملک میں لگنے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے یہاں چند شرپسند عناصر نے بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، تائی کوانڈو،آرم ریسلنگ،ڈوج بال،ماس ریسلنگ سمیت دیگر انڈور مقابلوں کے کھلاڑیوں کے لئے مہیا کی گئی سہولیات کا خاتمہ کردیا ہے،بیڈمنٹن کے پول نکال کر سائٹ پر کھڑا کردیا گیا ہے،کمپلیکس کے اندرکرکٹ کا نیٹ لگاکر ہارڈ بال سے کرکٹ کھیل کر اس کو خراب کیا جارہا ہے۔

علاقے مکینوں اور اسپورٹس لوورز کی مداخلت پر اب کمپلیکس کو تالا لگادیا گیا ہے، اور کرکٹ کھیلنے والے وہاں سے غائب ہوگئے ہیں۔ماضی میں شہر کراچی کے انٹراسکول، انٹر کالجیٹ،انٹریونیورسٹی،سمیت آل کراچی اور آل سندھ کی سطح پر بوائز اور گرلز کے مقابلے منعقد کیے گئے ہیں، بلکہ اعلی حکومتی نمائندوں، کرکٹ، ہاکی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس سمیت ملک کے نامور اسٹار ز نے اس اسپورٹس کمپلیکس میں تشریف لاکر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اوریہاں فراہم کی گئی سہولیات کی تعریف بھی کی ہے۔

چند برس سے حکومتی نمائندوں بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ڈی ایم سی وسطی کی جانب سے اس کمپلیکس پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے اس میں بگاڑپیدا ہوگیا ہے۔اب خواتین کھلاڑیوں نے اسپورٹس کمپلیکس کا روخ کرنا بند کردیا ہے،کیونکہ اسپورٹس کمپلیکس میں خواتین کھلاڑیوں کو بنیادی سہولیات سے محروم کردیا گیا ہے۔

ویمن پلیئرز کے واش روم اور لباس تبدیل کرنے والے روم بھی ختم ہونے کی وجہ سے انہوں نے کمپلیکس آنا ختم کر دیا ہے، ویمن پلیئرز کا کہنا ہے کہ اگر انھیں کمپلیکس میں بنیادی سہولیات مہیاکی جائیں گی،تو ہی وہ اپنے کھیلوں کی سر گرمیوں کو دوبارہ سے جاری رکھ سکیں گی۔