تیل کی دولت سے مالامال خلیجی ریاست کویت میں سرکاری ملازم کو سالانہ 50 ہزار امریکی ڈالر فراہم کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کویت امپیکٹ نامی اقتصادی اور معاشی مسائل پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے ماہر معیشت علی السلیم نے ایک تازہ مضمون میں حکومت کو نئی تجاویز پیش کیں۔
علی السلیم نے حکومت کو دولت کی منصفانہ تقیسم، عوام کو مراعات اور سہولیات فراہم کرنے اور حکومتی اخراجات کو کم کرنے کی متعدد تجاویز پیش کیں، تاہم ان کی جانب سے سب سے اہم تجویز یہی تھی کہ کویتی حکومت سالانہ ہر شہری کو 50 ہزار ڈالر فراہم کرے۔
مذکورہ تجویز کے مطابق کویتی حکومت اپنے تمام شہریوں کو دیے جانے والے مختلف الائونس اور مراعات ختم کرکے انہیں سالانہ ایک خاص رقم فراہم کرے۔
کویتی حکومت اس کی مدد سے قومی معیشت کی تنظیم نو کرسکے گی اور معاشی بحران کے بھنور سے نکل جائے گی۔
کنسلٹنٹ کا کہنا ہے کہ دولت کی تقسیم پر نظرثانی کا حتمی نتیجہ مقامی شہریوں کو روزگار دینے سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کی صورت میں برآمد ہوگا۔ حکومت پر ملازمت فراہم کرنے کا بوجھ کم ہوگا۔ براہ راست اخراجات کا ضیاع محدود ہوجائے گا اور کویتی معیشت زیادہ پائدار ہوجائے گی۔