مظفر آباد(صباح نیوز)حزب المجاہدین کے امیر اور جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ مجاہدین اسلام کشمیر میں دشمن کی لگائی گئی آگ کو اپنے لہو سے اور اپنی ایمان کی ٹھنڈک سے بجھا کر ایک تاریخ رقم کررہے ہیں،آزادی پسندوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا بلکہ یہ لہو ایک دن ضرور آزادی کے لیے ثمر آور ثابت ہوگا۔ ہم ایک بڑی طاقت کا مقابلہ کررہے ہیں، اللہ کی نصرت کے بل بوتے پر ہمارے مجاہدین ایک بڑے لشکر کو ناکوں چنے چبوا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔انہوں نے شوپیاں اور گاندربل میں دشمن کے خلاف خون ریز جھڑپوں کے دوران شہید ہونے والے جانباز ساتھیوں مجاہد سجاد احمد ملہ،معراج الدین،جنید رشید اورشبیر احمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجاہدین نے حق و باطل کے معرکوں کے دوران دشمن کی ہر پیش کش کو ٹھکرا کر مقابلہ کرنے کو فوقیت دی اور اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اللہ سے کیا ہوا وعدہ وفاکردیا۔سید صلاح الدین نے کہا ہماری قوم کی بے پناہ قربانیوں کا صلہ ان شااللہ جموں و کشمیر کے عوام کوضرور مل کررہے گا اور وہ دن ضرور دیکھنے کو ملے گا جب پوری مقبوضہ ریاست بھارتی فوج کے ناپاک قدموں سے پاک ہوجائے گی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی تمام شہدا کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔