قومی ٹی ٹوئنٹی کپ دوسرا مرحلہ، کھلاڑی فیملی سے مل سکیں گے

55

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے مرحلے کے لیے راولپنڈی کے ہوٹل میں موجود کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کو اپنی فیملیز سے ملنے کی اجازت دے دی ہے تاہم فیملیز کی اس ری یونین کے لیے پی سی بی کے کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت 2 ٹیسٹ کروانے لازمی ہیں۔بائیو سیکیور ببل کا حصہ بننے والی فیملیز کے لیے کوویڈ19 پروٹوکولز پر مکمل عملدرآمد لازمی ہوگا۔راولپنڈی پہنچنے پر ان فیملیز سمیت کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف میں شامل تمام عملے کے جمعرات کے روزکوویڈ19 ٹیسٹ کیے گئے ۔ایونٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہوگا۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کاکہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے لیے ایک طویل عرصہ بائیو سیکیور ببل میں رہنا آسان نہیں ہے اور ممکنہ طور پراس کے اثرات ان کی کارکردگی پر بھی پڑسکتے ہیں،اس معاملے میں کھلاڑیوں نے ایک جائز درخواست کی، جسے پی سی بی بت اس شرط پر منظور کیا کہ یہ تمام فیملیزاس د وران پی سی بی کے مقررہ کوویڈ19 پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کریں گی۔ ندیم خان نے مزید کہا کہ پی سی بی کا میڈیکل اور اسپورٹس سائنسز ڈیپارٹمنٹ اس دوران ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا اور اگر وہ یہ سمجھے کہ ٹورنامنٹ کے شرکاء کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے پروٹوکولز میں مزید نرمی کی جاسکتی ہے تو وہ اس حوالے سے اپنا فیصلہ کرسکتا ہے۔