قومی فٹبال لیگ ‘بی’ڈویژن لیگ میں مزید4میچوں کے فیصلے

66

کراچی /لاہور ( اسٹاف رپورٹر/جسارت نیوز)پاکستان فٹبال فیڈریشن لیگ بی ڈویڑن فائنل راؤنڈ میں جمعرات کو کھیلے گئے میچز میں لائل پور ایف سی نے ووہیب ایف سی، کراچی یونائیٹڈ نے پاک افغان کلیئرنگ ایجنسی اور بلوچ ایف سی کوئٹہ نے جے لال ایف سی کو شکست دے دی۔لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے مرد میدان بلوچ ایف سی کے زاہد رہے جنہوں نے جے لال ایف سی کے خلاف 4 گول اسکور کیے جس سے تقویت پاتے ہوئے بلوچ ایف سی نے کلب لیگ میچ میں 1-7 سے کامیابی حاصل کی۔زاہد نے میچ کے 50ویں، 60ویں، 70ویں اور 85ویں منٹ میں گول اسکور کیے جبکہ فتح محمد نے 2 گول اسکور کرتے ہوئے 22ویں اور 56ویں منٹ میں گول داغے، ایک گول 16ویں منٹ میں محمد نور نے اسکور کیا۔میچ میں جے لال ایف سی کے لیے واحد گول 43ویں منٹ میں محمد فصیح نے اسکور کیا۔ایک اور کلب میچ میں ریحان منیر کی جانب سے 40ویں منٹ کیا گیا گول لائل پور ایف سی کو ووہیب ایف سی کے خلاف فتح اور3 قیمتی پوائنٹس دلانے میں کامیاب رہا اور ایونٹ میں لگاتار تیسری شکست ووہیب ایف سی کا مقدر بن گئی۔کراچی میں ڈرگ یونین فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی یونائیٹڈ کی ٹیم ڈیپارٹمنٹل مقابلے میں اعصاب شکن معرکے میں عامر کے 88ویں منٹ میں کیے گئے گول کی بدولت پاک افغان کلیئرنگ ایجنسی کیخلاف فتحیاب رہی۔دونوں ٹیمیں کئی مواقع پر گول کرنے کے انتہائی قریب پہنچیں لیکن بالآخر 3 پوائنٹس کراچی یونائیٹڈ کے حصے میں آئے۔ آج ینگ اتفاق ایف سی کا کلب لیگ میچ میں ہما ایف سی سے مقابلہ ہو گا جبکہ کراچی میں ڈیپارٹمنٹل لیگ میچ میں گوادر پورٹ اتھارٹی کی ٹیم پاکستان ریلویز کے مدمقابل ہو گی۔