کین کرشنگ سیزن کا ہر صورت یکم نومبر تک آغاز کیا جائے

97

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)کسان بورڈ کے ضلعی صدرعلی احمدگورایہ نے حکومت پنجاب سے گندم کی کاشت اور گنا کے کرشنگ سیزن کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ گندم کاشت سے پہلے یوریا اور ڈی اے پی کھاد میں مارکیٹ میں ہونیوالا اضافہ واپس لیا جائے اور تمام زرعی مداخل کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے۔ واپڈا کے ناجائز اوور بلنگ کی روک تھام کی جائے۔ کاشتکار سے 1400 روپے من خریدی جانے والی گندم بجائی کیلیے اسی ریٹ پر فراہم کی جائے۔ گندم کی کاشت سے پہلے گندم کی قیمت 1700 روپے فی من/ 40 کلو گرام مقرر کی جائے۔ کین کرشنگ سیزن ہر صورت میں یکم نومبر تک آغاز کیا جائے تاکہ کاشتکار گندم کی کاشت کیلیے گنے کا رقبہ بروقت حاصل کر سکے۔ گنے کی بروقت پیمنٹ، ناجائز کٹوتی، سی پی آر کو لیگل ڈاکو منٹ (چیک) کا درجہ دینے پر قانون پاس کیا جائے۔ شوگر ملز کرشنگ لیٹ شروع کرنے سے گندم کی کاشت لیٹ ہونے کے ساتھ، کاشت بھی کم ہوگی اور پیداوار بھی متاثرہوگی جس کا نقصان کاشتکار کے ساتھ حکومتی خزانہ کو بھی ہوگا۔ چینی کی قیمت 100 روپے ہو تو گنے کی قیمت 300 روپے فی من مقرر کی جائے۔