کورونا وائرس،ایئرلفٹ کا 31دسمبر تک سروس معطل رکھنے کا اعلان

253

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹرانسپورٹ کی نجی سروس ‘ایئرلفٹ نے عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 31 دسمبر 2020 تک سروس معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔صارفین کو ارسال کئی گئی ای میل میں ایئرلفٹ نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا دنیا بھر میں لوگوں کو متاثر کررہی ہے اس لیے ہم نے 31 دسمبر 2020 تک اپنی خدمات معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیان کے مطابق آن لائن بس سروس کی جانب سے یہ فیصلہ صارفین کی صحت اور حفاظت کے اولین عزم کو برقرار رکھتے ہوئے کیا گیا۔ایئر لفٹ نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ ہورہا ہے، بسز اور وینز میں اس کے پھیلا کو روکنا ممکن نہیں۔بیان میں کہا گیا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے یکم جنوری، 2021 کو مذکورہ فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا۔

ایئرلفٹ نے کہا کہ محفوظ ہونے کی صورت میں ہم صارفین کو سروس فراہم کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔خیال رہے کہ 18 مارچ کو رائیڈ شیئرنگ سروس نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں ابتدائی طور پر 19 مارچ سے لے کر 6 اپریل تک ملک میں سروس معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم 6 اپریل کے بعد بھی ایئرلفٹ کی سروس بحال نہیں ہوئی تھی اور جون میں جاری کردہ بیان میں بس سروس نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی شرح کے صارفین کے لیے خدشات موجود ہیں لہذا صورتحال میں بہتری ہونے تک سروس معطل رہے گی۔

یاد رہے کہ جون کے آغاز میں حکومت سندھ نے صوبائی دارالحکومت کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ اور سفری سہولیات کی دیگر سروسز بحال کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن ایئرلفٹ نے اپنی سروسز بحال نہیں کی تھیں جبکہ دیگر آن لائن سروسز جیسا کہ کریم، اوبر وغیرہ ایس او پیز کے ساتھ خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

جس کے بعد 11 اگست کو ایئر لفٹ نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے خطرات کی وجہ سے اگست اور ستمبر میں ان کی خدمات معطل رہیں گی۔صارفین کو ارسال کردہ ای میل میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں کے باوجود اس کا خطرہ موجود ہے۔