نیشنل ٹی ٹوئنٹی، بابراعظم نے واپس آتے ہی سینٹرل پنجاب کو جیت کی راہ پر ڈال دیا

370

راولپنڈی:نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ  میں دفاعی چیمپین ناردرن کی فتوحات کو بریک لگ گئی،فہیم اشرف کی شاندارآلراؤنڈر کارکردگی اور بابراعظم کی عمدہ بیٹنگ پر سنٹرل پنجاب  نے 166 رنز کا ہدف 17 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

 ہوم گراؤنڈ پر سنٹرل پنجاب نے 8وکٹوں سے شکست دیدی۔ کپتان بابراعظم نے  52 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 86  اورفہیم اشرف   نے 52 رنز بنائے ۔جمعہ کو

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن کے کپتان  عماد وسیم  نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان لیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ناردرن کی بیٹنگ لائن اپ ایونٹ میں پہلی بار مشکلات کا شکار نظر آئی۔ فہیم اشرف کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت ناردرن کی ابتدائی 4 وکٹیں محض 52 رنز پر گرچکی تھیں جس کے بعد آصف علی اورشاداب خان کی 87 رنز کی شراکت کی مدد سے ناردرن نے مقررہ بیس اوورز میں 9  وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔

آصف علی نے 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی بدولت 67 جبکہ شاداب خان نے 39 رنز بنائے، فہیم اشرف  نے 18 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جواب میں سنٹرل پنجاب نے 166 رنز کا ہدف 17 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان بابراعظم 52 گیندوں پر11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 86 جبکہ 26 گیندوں کا سامنا کرنے والے فہیم اشرف 52 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

فہیم اشرف نے کہا کہ وہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت عرصے سے ایک اچھی آلراؤنڈ کارکردگی کے منتظر تھے جو بالآخر نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں انہیں نصیب ہوئی۔