دبئی میں پاکستانی شہری پر قسمت مہربان، گھر بیٹھے لاکھوں ڈالر کا مالک بن گیا

373

دبئی: وہ کہتے ہیں نا کہ اوپر والا جب بھی دیتا ہے چھپڑ پھاڑ کردیتا ہے، ایسا ہی کچھ دبئی میں مقیم پاکستانی شہری محمد شفیق کے ساتھ ہوا ہے جس پر قسمت ایسی مہربان ہوئی کہ گھر بیٹھے ہی لاکھوں ڈالر کا مالک بن گیا۔

گلف نیوز کے مطابق 48 سالہ محمد شفیق نے گزشتہ ماہ ایک لاٹری ٹکٹ خریدا تھا، جس کی قرعہ اندازی 7 اکتوبر کو دبئی کے بین الاقوامی ائیرپورٹ پر ہوئی۔ دبئی ملینیم ملین ائیر فرسٹ پرائز ڈرا(Dubai Duty Free Millennium Millionaire and Finest Surprise draw) میں پاکستانی شہری محمد شفیق نے ایک ملین ڈالر کی لاٹری جیت لی، وہ یہ لاٹری جیتنے والے 19 ویں پاکستانی ہیں۔

محمد شفیق ابوظہبی میں ایک پراپرٹی مینیجمنٹ کمپنی کے مالک ہیں، اور وہ اپنی بیوی اور 7 بچوں کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں ہی مقیم ہیں۔

گلف نیوز سے گفتگو کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ یہ رقم میرے بچوں کے لیے ہوگی، میں اپنے اوپر رحمت محسوس کررہا ہوں‘۔ انہوں نے کہا میری دو بڑی بیٹیاں یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں، میری ترجیح اس رقم کو اپنے بچوں کی تعلیم پر خرچ کروں گا، میری سب سے چھوٹی بیٹی جوکہ تین سال کی ہے، اس کی اسکول کی تعلیم بھی شروع ہوگئی ہے۔ لہذا یہ جیت میرے لیے ایک بہت بڑی راحت اور نعمت ہے۔