حکومت گرانا آسان ہے ‘ہم نظام تبدیل کرنا چاہتے ہیں ،سراج الحق

272

کوہاٹ ( نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت گرانا آسان مگر نظام تبدیل کرنا مشکل کام ہے ۔ہم چہرے نہیں نظام بدلنا چاہتے ہیں۔ہماری لڑا ئی ظلم و جبر اور اس استحصالی نظام سے ہے جو پون صدی سے کروڑوں عوام کو غربت مہنگائی بے رو زگاری اور بدامنی کی چکی میں پیس رہا ہے ۔لوگوں کو تعلیم صحت روز گاراور انصاف نہیں مل رہا ۔عدالتوںمیں لاکھوں مقدمات زیر التوا ہیں ،پیسے کے بغیر یہاں انصاف نہیں ملتا۔سرکاری اسپتالوں سے غریب کو ڈسپرین کی ایک گولی نہیں مل رہی ،عدالتوں میں انصاف بکتا ہے اور جس کے پاس کروڑوں اور اربوں نہیں وہ ساری زندگی عدالتوں میں رل جاتا ہے ۔ جماعت اسلامی دولت کی منصفانہ تقسیم اور عدل و انصاف روزگار اور تعلیم کے دروازے عوام کے لیے کھولنا چاہتی ہے ۔ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم ہو ،جس اسکول میں حکمرانوں کے بچے پڑھتے ہیں اس میں غریب کا بچہ بھی تعلیم حاصل کرسکے ۔بچوں اور بچیوں کے اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔یہاں کسی کی جان مال اور عزت محفوظ نہیں۔ 73سال سے عوام ظالم جاگیرداروں اور بے رحم سرمایہ داروں کے چنگل میں پھنسے ہوئے ہیں ۔چند خاندان اقتدار پر مسلط ہیں اور وہی باریاں لے رہے ہیں یتیم بچوں بیوہ خواتین اور مساکین کی کفالت کی ذمے داری ریاست کی ہے۔غریب ساری عمر محنت مزدوری کرنے اور اپنا خون پسینہ بہانے کے باوجود پیٹ بھر کر کھانانہیں کھا سکتا ۔ یہ ظلم کا نظام ہے جو زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا۔عوام کو اس نظام سے بغاوت کے لیے نکلنا اور جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے کوہاٹ میں الخدمت فائونڈیشن کے زیر اہتمام آغوش سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر مشتاق مانگٹ، صوبائی صدر خالد وقاص،سابق رکن قومی اسمبلی شبیر احمد خان، بابری بانڈہ کوہاٹ کی ممتاز سماجی شخصیت حاجی غلام علی آفریدی بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخواکے زیر اہتمام یتیم بچوں کی کفالت کے لیے 12کروڑ روپے کی لاگت سے 13کنال رقبے پر محیط جدید سہولیات سے آراستہ آغوش الخدمت ہوم کوہاٹ کا افتتاح کیا جس میں 200 یتیم بچوں کی کفالت کے لیے معیاری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بے کسوںمساکین اور نادار لوگوں خاص طور پر یتیم بچوں کی تعلیم وتربیت اور کفالت کا انتظام کرنا حکومت اور ریاست کی ذمے داری ہے مگر حکومت کواپنی کسی ذمے داری کا کوئی خیال نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا وبا کے دوران بھی متاثرین کے لیے 12سو ارب روپے کا اعلان کیا مگر کسی کو کوئی پتا نہیں کہ وہ 12 سو ارب روپے کہاں گئے اور کس کو دیے گئے ۔حکمرانوں نے کورونا وبا سے متاثرین کے لیے باہر سے آنے والی اربوں روپے کی امداد کہاں خرچ کی اس کا بھی حساب کتاب ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ8 اکتوبر 2005ء کے زلزلہ متاثرین ابھی تک حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں ،15سال گزر گئے سابق اور موجودہ حکومت نے ان بے گھر ہونے والوں کو کوئی سہار ا نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن اس وقت ملک میں 15ہزار سے زاید یتیم بچوں کی کفالت کررہی ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے تختی کی نقاب کشائی کرکے کوہاٹ الخدمت آغوش ہوم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔