کھیلتے وقت ملکی ریکارڈ بننے کا اندازہ نہیں تھا، خوشدل

42

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی )نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سنسنی خیز مقابلوں میں چھکے چوکوں کی برسات جاری ہے۔ ایونٹ کے 9اکتوبر سے شروع ہونے والے دوسرے مرحلے کے دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے 217 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ایونٹ کی رنگینی کو چار چاند لگادیے۔میچ میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا،جہاں سندھ کے اوپنر اور ایونٹ کے ٹاپ اسکور خرم منظور نے 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 108 رنز کی اننگز کھیل کر سدرن پنجاب کو مشکلات کا دوچار کیا مگر جواب میں بنوں سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ نے 35 گیندوں پر دھواں دھار سنچری بناکر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز کی اننگز میں 9 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔یہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ اور کسی بھی پاکستانی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین سنچری ہے۔ ایونٹ کے پانچ میچوں میں 191 رنز بنانے والے خوشدل شاہ کے رنز بنانے کی اوسط 38.20 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 207.60 کاہے۔ ایونٹ میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری بنانے والے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین اب تک ایونٹ میں 17 چوکے13 چھکے لگا چکے ہیں۔گزشتہ سال نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے خوشدل شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ کے خلاف میچ میں محض 32 رنز پر 3 وکٹیں گنوانے کی وجہ سے سدرن پنجاب کی ٹیم مشکلات کا شکار تھی مگرانہوں نے کریز پر جاتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور ابتداء میں ہی باؤنڈریز ملنے کے باعث ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ خوشدل شاہ نے کہا کہ میدان میں چھکے چوکوں کی برسات کرتے ہوئے انہیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ وہ قومی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں ۔ایونٹ کے پانچ میچوں میں 253 رنز بنانے والے خرم منظورکے رنز بنانے کی اوسط 50.60 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 141.34 کا ہے۔ ایونٹ میں ایک سنچری اور 2 نصف سنچری بنانے والے ٹاپ اسکورراب تک ایونٹ میں 31 چوکے 7 چھکے لگا چکے ہیں۔کراچی سے تعلق رکھنے والے خرم منظور نے کہاکہ وہ ہر ایونٹ سے پہلے نیٹ پر اس فارمیٹ کی سخت پریکٹس کرتے ہیں اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کی پاور ہٹنگ صلاحیتوں کا راز بھی یہی ہے۔