بدر الحسن اسپورٹس کمپلیکس کھنڈرات میں تبدیل

51

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ڈی ایم سی سینٹرل کی جانب سے قائم انڈور اسپورٹس کمپلیکس بدرالحسن فاروقی اسپورٹس کمپلیکس گول مارکیٹ ناظم آباد میں شہر کے نوجوانوں کے لئے بہترین صحت مندانہ سرگرمیوں کا مرکز تھا،جس نے کراچی،سندھ اور پاکستان کو کھیلوں کے لئے بے پناہ نوجوان پلیئرز فراہم کئے جنہوں نے ملکی اور عالمی سطح کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔1992میں بنائے گئے اس اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کے سینکڑوں مقابلے منعقد کئے گئے،لیکن عالمی وباء کورونا وائرس کے بعد ملک میں لگنے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے یہاں چند شرپسند عناصر نے بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، تائی کوانڈو،آرم ریسلنگ،ڈوج بال،ماس ریسلنگ سمیت دیگر انڈور مقابلوں کے کھلاڑیوں کے لئے مہیا کی گئی سہولیات کا بیڑا غرق کردیا،بیڈمنٹن کے پول نکال کر سائٹ پر کھڑا کردیا گیا،کمپلیکس کے اندرکرکٹ کا نیٹ لگاکر ہارڈ بال سے کرکٹ کھیل کر اس کا ستیاناس کردیا۔علاقے کے مکینوں اور اسپورٹس لوورز کی مداخلت پر اب کمپلیکس کو تالا لگادیا گیا ہے اور کرکٹ کھیلنے والے وہاں سے غائب ہوگئے ہیں۔ماضی میں شہر کراچی کے انٹراسکول، انٹر کالجیٹ،انٹریونیورسٹی،سمیت آل کراچی اور آل سندھ کی سطح پر مقابلے منعقد کئے گئے، بلکہ اعلی حکومتی نمائندوں، کرکٹ، ہاکی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس سمیت ملک کے نامور اسٹار ز نے اس اسپورٹس کمپلیکس میں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اوریہاں فراہم کی گئی سہولیات کی تعریف کی۔چند سال سے حکومتی نمائندوں بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ڈی ایم سی سینٹرل کی جانب سے اس کمپلیکس پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے بگاڑپیدا ہوگیا۔ اب ویمن پلیئرز نے اسپورٹس کمپلیکس میں آنا بند کردیا ہے،جس کی وجہ ویمن پلیئرز کے واش روم اور لباس تبدیل کرنے والے روم ختم ہونے کی وجہ سے ان کا آنا ختم ہوگیا ہے، اگر دوبارہ سے یہاں ویمن پلیئرز کے لیے سہولیات مہیاکی جائیں تو ان کی کمپلیکس میں دوبارہ انٹری ہوسکے گی۔