ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے، چودھری عبدالغفور

193

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 117 کے چودھری عبدالغفور، جنرل سیکرٹری مختار علی، رائے مجیب الرحمن بھٹی، امجد قیوم پراچہ اور دیگر نے وفاق کے ادارے نیپرا کی جانب سے بجلی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے بے روزگاری اور ہوشربا مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے غریب عوام پر اضافی معاشی بوجھ ڈال کر غریب کے منہ سے دو وقت کی روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا گیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہل اور سلیکٹڈ حکومت نے گزشتہ دو سال کے دوران غریب عوام پر بے روزگاری اور مہنگائی کے پہاڑ توڑ کر مظلوم اور پسے ہوئے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، ملکی معیشت کو بدترین معاشی بدحالی کے دوراہے پر لا کھڑا کردیا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔