مکتوب جدہ

62

مسرت خلیل
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجا علی اعجاز نے شمالی سرحدی صوبے کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد بن سلطان آل سعود سے صوبائی دارلحکومت عرعرمیں ملاقات کی۔ خوشگواراور دوستانہ ملاقات کے دوران گورنر شہزادہ فیصل بن خالد نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور برادرانہ تعلقات کی تعریف کی۔ انہوں نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی محنت کشوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ وژن 2030ء کی کامیابی میں سعودی عرب پاکستانی محنت کشوں کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کا منتظر ہے۔ سفیر پاکستان نے دورے کے دوران بہترین مہمان نوازی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی قیادت کی جانب سے خیر سگالی کا پیغامپہنچایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان قریبی اور بھائی چارے کے تعلقات ہیں، جو ہر طرح کی آزمایش میں ہمیشہ ساتھ رہے ہیں۔ انہوں نے گورنر کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔ آخر میں میزبان اور مہمان دونوں نے ایک دوسرے کو روایتی تحائف پیش کیے۔