کورونا کیخلاف لڑنے والے ڈاکٹروں کے اعزاز میں تقریب سپاس

105

جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیت بشیر خان سواتی کی زیر قیادت سماجی تنظیم پاکستان ویلفیئر ایسوسی ایشن (پی ڈبلیو اے) نے سعودی عرب میں کورونا وائرس کے خلاف صف اول پر لڑنے والے ڈاکٹروں کے اعزاز میں تقریب سپاس کا انعقاد کیا۔ پاکستان جرنلسٹس فورم کے چیئرمین امیر محمد خان نے نمایندہ جسارت کو تقریب کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تقریب میں جن پاکستانی ڈاکٹرز کو ان کی شان دار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا، ان میں قابل ذکر ڈاکٹر نعیم خالد چودھری شہید، ڈاکٹر محمد یٰسین، ڈاکٹر سید بلال شاہ، ڈاکٹر سید وہاج جنیدی، ڈاکٹر رابعہ خاتون، نیوٹریشنسٹ ادعیَہ وہاج، ڈاکٹر فرزانہ اقبال، ڈاکٹر ارشداللہ خان، ڈاکٹر حسنین گیلانی، ڈاکٹر گلناز یوسف، ڈاکٹر محمد امجد عُبید، ڈاکٹر محمد اطہر صادق، ڈاکٹر ضیاء اللہ خان داور ، ڈاکٹر محمد کاشف اور دیگر شامل تھے۔ انہیں ایسوسی ایشن کی جانب سے قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے اعزازی شیلڈ سے نوازا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ نے سعودی اور پاکستانی کیمونٹی کی
بے لوث خدمت کرکے اپنے دین اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ تقریب سے بشیر خان سواتی،پرویز قریشی، سعودی صحافی سمیرا عزیز، پی ٹی آئی کے رہنما ریاض شاہین آفریدی، ڈاکٹر ارشد، ڈاکٹر رابعہ خاتون اور ڈاکٹر طوبا چودھری نے بھی خطاب کیا۔ایسوسی ایشن کے صدر پرویز قریشی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔ آخر میں جنرل سیکرٹری راجا محمد بشیر نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مرحومین اور شہدا کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کرائی۔