نیب کا دائرہ آزاد کشمیر تک وسیع کریں گے، علی امین گنڈا پور

63

مظفرآباد (صباح نیوز) وزیر امور برائے کشمیر علی امین خان گنڈاپور نے کہاہے کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی مقبولیت اور عوامی سطح پر وزیراعظم عمران خان کا نظریہ عام ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ تحریک انصاف عوامی جماعت ہے اور عوام عمران خان کے نظریات سے مکمل اتفاق کرتے ہیں۔ آزادکشمیر میں تمام حلقوں سے کام کرنے والے افراد کو ٹکٹ تقسیم کیے جائیں گے۔ نیب کا دائرہ کار آزاد کشمیر تک وسیع کرکے عوامی استحصال کرنے والوں کا احتساب کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر تحریک انصاف آزادکشمیر بیرسٹر سلطان کی جانب سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر آزادکشمیر کے آمدہ الیکشن اور پارٹی کو مضبوط کرنے، آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، تحریک آزادی کشمیر اور کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام آمدہ عام انتخابات میں یہ واضح کردیں گے وہ اب لٹیروں سے جان چھڑا کر خوشحالی اور تبدیلی کا راستہ ڈھونڈ رہے ہیں۔