سندھ میں آٹے کا بحران سنگین ہوگیا‘ مہنگے داموں بھی حصول ناممکن

69

حیدرآباد/میر پورخاص/نوابشاہ( اسٹاف رپورٹر+نمائندہ خصوصی) حیدرآباد ،نوابشاہ ، میرپور خاص سمیت سندھ بھر میںمہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ، دوسری جانب آٹے کے بحران کے باعث آٹے کاحصول مہنگے داموںبھی ناممکن ہوگیاجس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد ،نوابشاہ ، میرپور خاص سمیت سندھ بھر میں آٹے کی قیمت تاریخ کے ترین مقام تک پہنچ گئی، فی کلو آٹا75روپے میں فروخت ہونے لگا جبکہ 10کلو آٹے کا تھیلا 730روپے میں فروخت کیا جارہا ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ۔حیدرآباد میں آٹا نایاب ہوگیا، چکی مالکان نے گندم کی کمی اور قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر آٹا ہی غائب کردیاہے جس کے باعث شہریوںکیلیے مہنگے داموں آٹے کا حصول بھی ناممکن ہوگیا ہے۔ آٹا بحران اور قیمت میں اضافے کے بعد تندوروں پر روٹی مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ آٹا بحران کے باعث پریشانی میں مبتلا عوام کا کہنا ہے کہ حکومتی نااہلی کے باعث بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اب آٹے کے مصنوعی بحران کے ذریعے غریبوں سے 2وقت کی روٹی کا حصول بھی انتہائی مشکل بنانا ظلم ہے،اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آٹے کے مصنوعی بحران کا نوٹس لے اور آٹے کے نرخ میں کمی کروائی جائے۔ دوسری جانب سبزی،مرغی کے گوشت، انڈے،چینی سمیت روزمرہ استعمال ہونے والی اشیاء کی قیمتوںکو بھی پر لگ گئے ہیں، مرغی کا گوشت 320روپے فی کلو، انڈے180روپے درجن،چینی 105روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ شہر میں پرائز کنٹرو ل کمیٹیاں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں اور کسی بھی جگہ روز مرہ کے استعمال کی اشیا ء کے نرخ چیک نہیں کیے جارہے ،لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب عوام سخت معاشی پریشانی کا شکار ہے اور غریب سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی ہے۔