علماء اتحاد امت کو اپنا نصب العین بنائیں، سردار مسعود خان

76

مظفرآباد( صباح نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے علمائے کرام پر زور دیاہے کہ اتحاد امت اور وحدت مسلمین کو اپنا نصب لعین بنائیں، مسلمانوں کے اختلافات سے دین اسلام کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ آزاد کشمیر میں مکاتب قرآن کی تعداد بڑھا دی ہے اور معلمین کے وظیفہ کو بڑھانے کے لیے اپنے وسائل کو سامنے رکھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اور ممتاز عالم دین قاضی محمود الحسن اشرف کی قیادت میں علماء کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ وفد میں قاضی منظور الحسن، مولانا ممتاز الحق، مولانا انعام الحق، مولانا آصف اور مولانا عبدالمالک شامل تھے۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ تجوید القرآن ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے مدارس قرآن کے مسائل اور اساتذہ کے وظیفے سمیت دیگر امور کا جائزہ لینے کے لیے ٹرسٹ کا اجلاس بلایا جائے گا۔ سردار مسعود خان نے مظفرآباد میں سیرت کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ ایسی محفل جس میں نبی کریم ؐکی زندگی اور سیرت طیبہ بیان کی جائے اس میں شریک ہونا سعادت کی بات ہے۔ انہوں نے کورونا وباکے دوران علما کرام کے اندر اتحاد و یکجہتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ علما نے ہمیشہ اہم قومی مسائل پر حکومت کا ساتھ دیا ۔